کویت میں پانچویں جوائنٹ منسٹریل کمیشن کا اجلاس، صنعتی تعاون اور انجینئرنگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط 

12

  اسلام آباد،30 مئی (اے پی پی): کویت میں پانچویں جوائنٹ منسٹریل کمیشن کے اجلاس میں پاکستان کو اہم کامیابیاں حاصل ہو گئیں اور صنعتی تعاون اور انجینئرنگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط  ہوئے ۔ پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر سرمایہ کاری، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان جبکہ کویت کے وزیر کامر س وانڈسٹری عمر سعود العمر نے  معاہدے پر دستخط کیے۔

 اس موقع پر بات کرتے ہوئے  وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا  کہ کویت اور پاکستان کے مابین لانگ ٹرم اکنامک پارٹنر شپ کے متمنی ہیں  اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کویت میں ” کمرشل قونصلر” تعینات کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان میں ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری کی خصوصی سہولتیں دی جا رہی ہیں  جس کے تحت  آئی ٹی، سیاحت ، معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔

وفاقی وزیر  نے کہا کہ  کویت سے فارماسوٹیکل، انجینئرنگ اورآٹو موٹیو کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینگے اور  فوڈ، ٹیکسٹائل اور توانائی کے شعبوں میں کویت سے مل کر مزید سرمایہ کاری کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ  جی سی سی ممالک کیلئے جلد پاکستان میں “ویزا آن آرائیول ” شروع ہو جائیگا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا  کہ پاکستانی وفد کے کویت چیمبر آف کامرس سے بھی “جوائنٹ وینچرز” پرمذاکرات ہوئے ہیں،  کویت کو ویٹنری سٹاف، ڈاکٹرز،نرسز و دیگر اہم شعبوں کیلئے پاکستان “ورک فورس” دے گا اس کے علاوہ  امید ہے مستقبل میں کویت بھی پاکستانیوں کیلئے ویزے کی شرائط میں نرمی لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ  کویت میں جوائنٹ منسٹریل کمیشن کا اجلاس حوصلہ افزا رہا، دو طرفہ باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔