گلگت بلتستان کو یورپی یونین کے آئندہ پانچ سالہ پلان میں ترجیح دی جائے، گرین توانائی کے منصوبوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی؛ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان

18

گلگت،29مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ کہ گلگت  بلتستان جغرافیائی اعتبار سے منفرد مقام رکھتا ہے،  توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری اور جدید تکنیکی تربیت شروع کرنے پر مشکور ہوں ، یورپی یونین کے آئندہ پانچ سالہ پلان میں گلگت  بلتستان کو ترجیح دی جائے، گرین توانائی کے منصوبوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی یونین اور جرمن ادارے کی جانب سے گلگت  بلتستان میں سکل ڈویلپمنٹ اور کلین انرجی کے حوالے سے منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی پاکستان میں سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا، سی ای او آغا خان فاؤنڈیشن اختر اقبال اور ہیڈ آف ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایمبسی آف فیڈرل ریپبلک آف جرمنی ڈاکٹر سیبیسٹن پاسٹ  اور دیگر مہمانوں کو گلگت  بلتستان میں خوش آمدید کہتا ہوں۔

وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا  کہ  گلگت  بلتستان میں گلیشیرز کے وسیع ذخائر ہیں،  گلگت  بلتستان پاکستان کیلئے واٹر شیڈ کی حیثیت رکھتا ہے، گلگت  بلتستان کے وسائل محدود ہیں،  ہمارا ترقیاتی بجٹ کاحجم صرف 19.5 بلین ہے جبکہ دشوار گزار علاقہ اور آبادی دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر ہے۔ دیگر صوبوں کی نسبت یہاں پر ترقیاتی کام کا دورانیہ انتہائی محدود ہے، جس کی وجہ سے ترقیاتی عمل میں مشکلات درپیش رہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گلگت  بلتستان ترقی کے حوالے سے متعین اشاریے  میں کافی پیچھے ہے۔ لہٰذا آج کے اس فورم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے میری گزارش ہوگی کہ یورپی یونین کے آئندہ پانچ سالہ پلان میں گلگت  بلتستان کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت  بلتستان کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے درپیش چیلنجز کو حل کرنے کیلئے ڈونرز کانفرنس کررہے ہیں جس میں آپ کی معاونت درکار ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ توانائی کے بحران کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے توانائی کے متبادل ذرائع (صاف اور گرین انرجی)کے منصوبوں پر توجہ دی جارہی ہے تاکہ دور دراز علاقوں میں متبادل توانائی کے ذرائع سے توانائی کا مسئلہ حل کیا جاسکے۔متبادل توانائی کے ذرائع سے موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ حکومت گلگت  بلتستان صاف توانائی کے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یورپی یونین اور دیگر شراکت داروں کی متبادل توانائی کے منصوبوں اور ترسیل کے موثر نظام میں سرمایہ کاری کے اقدام کو سراہتے ہیں اور ہر ممکن تعاون کریں گے۔متبادل توانائی  سے جنگلات کے تحفظ اور مقامی آباد کی معیار زندگی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جرمن ادارے کے تعاون سے گلگت  بلتستان ٹیوٹ کے تحت تکنیکی تربیتی پروگرام شروع کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ تکنیکی تربیت سے روزگارکے مواقع میسر آنے اور مقامی لوگوں کی معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ٹیوٹ کے ذریعے جدید تکنیکی تربیت سے مقامی لوگوں کی ذرائع معاش میں اضافہ ہوگا اورمقامی اور بین الاقوامی سطح پر درکار افرادی قوت میسر آئے گی۔