گوجر خان،28 مئی (اے پی پی):یوم تکبیر 28 مئی کے دن کی مناسبت سے ملک بھر کی طرح گوجر خان میں بھی تحصیل انتظامیہ نے ریلی کا انعقاد کیا، ریلی میونسپل کمیٹی گوجرخان سے سروس روڈ تک نکالی گئی جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ، چیف آفیسر بلدیہ اظہر مجید، سینئر لیگی رہنما ثاقب علی بیگ ایڈووکیٹ نے کی، ریلی میں ایم پی اے راجہ شوکت عزیز بھٹی کی عدم موجودگی پہ انکی ہدایت پر چیئرمین اشتیاق نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامی ممالک میں واحد ملک ہے جس کے پاس ایٹمی قوت ہے اور اس کا سہرا ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے عظیم سائنسدان کو جاتا ہے جنہوں نے دن رات کی انتھک محنت سے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔
ریلی میں دیگر شرکاء میں چوہدری ضیافت گجر، میونسپل کمیٹی گوجرخان کے افسران و ملازمین، صدر انجمن پٹواریان ضلع راولپنڈی شبیر بھٹی، انجمن تاجران گوجرخان کے رہنماوں، پوٹھوہار پریس کلب گوجرخان کے صحافیوں نے شرکت کی۔ریلی کے اختتام پر ریلی کے شرکاء نے پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔