گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ایران قونصلیٹ جنرل پشاور کا دورہ، ایرانی صدر اور انکے رفقاء کی شہادت پر اظہار افسوس

32

 

پشاور،21 مئی(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے آج اسلامی جمہوریہ ایران قونصلیٹ جنرل پشاور کا دورہ کیا اور ایرانی فرسٹ قونصل حسین ملکی سے ملاقات کی۔گورنر نے ایرانی فرسٹ قونصل  سے المناک ہیلی کاپٹر حادثہ میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور انکے رفقاء کی شہادت پر اظہار افسوس اور اپنی اور خیبرپختونخوا کے عوام کیجانب سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونیوالے ایرانی صدر، ایرانی وزیر خارجہ سمیت دیگر شہداء کے درجات بلندی اور شہداء کے پسماندگان کیلئے صبر و جمیل کی دعا کی۔

اس موقع پر ایرانی فرسٹ قونصل سے اپنی گفتگو میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں اپنی اور خیبرپختونخوا کے عوام کیجانب سے اظہار تعزیت کیلئے ایرانی قونصلیٹ جنرل آیا ہوں، ایرانی حکومت اور ایرانی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک کے عوام ایرانی صدر اور انکے رفقاء کی شہادت پر سوگوار و غمزدہ ہیں۔