گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی مفتی محمود مرکز پشاور آمد، سینیٹر مولانا عطاء الرحمن سے ملاقات

25

پشاور،24 مئی (اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مفتی محمود مرکز پشاور کا دورہ کیا اور جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عطاء الرحمن سے ملاقات کی، سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے گورنر کو آئینی منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور گورنر سے خبیر پختونخوا کی سیاسی صورتحال، معاشی و عوامی مسائل اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال بھی کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے حقوق کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کررہا ہوں، تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے صوبائی حقوق کیلئے متفقہ طور پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہتے ہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم سب کا اجتماعی مقصد صوبہ کو ترقی و خوشحالی کیجانب گامزن کرنا ہے، صوبہ معاشی بحران سے دوچار، امن و امان کا مسئلہ بھی درپیش ہے۔تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کی مشاورت سے وفاق کے سامنے صوبہ کا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کرنا چاہتا ہوں۔

سابق صوبائی صدر پی پی پی نجم الدین خان اور سابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری بھی گورنر کے ہمراہ تھے  جبکہ ملاقات میں جے یو آئی کے جنرل سیکرٹری مولانا عطاء الحق درویش، سینیٹر دلاور خان، سابق صوبائی وزراء آصف اقبال داؤدزئی، مولانا امان اللہ حقانی، مئیر پشاور حاجی زبیر علی، عبدالجلیل جان اور عبدالحسیب بھی موجود تھے۔