اسلام آباد،1مئی (اے پی پی):شکاگوکے مزدوروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہر سال یکم مئی کو عالمی سطح پر مزدوروں کا دن منایا جاتا ہے،پاکستان ورکرزفیڈریشن،نیشنل پریس کلب،راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس اور سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام یوم مئی کے حوالے سے تقریب نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہوئی جس میں سابق چیئرمین سینیٹ و پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری،سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویزاشرف،پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سینیٹرناصربٹ،پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین سینیٹ و پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری،سابق وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف،پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین و دیگر رہنماؤں نے کہا کہ یوم مئی تجدید عہد کادن ہے جس پر ہم محنت کشوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔1886میں شکاگوکے مزدوروں نے اپنی جانیں قربان کرکے تمام محنت کشوں کے لیے اوقات کارکا تعین کروایا جس کی بدولت مزدورآج آٹھ گھنٹے اپنے فرائض منصبی سرانجام دیتاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ مزدوروں کے حقوق اور فلاح و بہبود کی مضبوط آوازرہی ہے اور ہماری جماعت نے محنت کش طبقے کی بہتری کے لیے متعدد قانون سازی،پالیسیزکا اجرا اور عملی اقدامات کئے ہیں۔شہید ذوالفقار علی بھٹونے فروری 1972میں پاکستان کی پہلی جامع لیبرپالیسی متعارف کروائی اور 1973کے آئین میں مزدوروں کی بھرپور وکالت کی۔
انہوں نے کہا کہ مزدورکسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اورہمیشہ سے اسکا اہم کرداررہا ہے لیکن نہایت دکھ اور افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں 72فی صدمحنت کش آج بھی قانونی تحفظ سے محروم ہیں اور لیبرقوانین پر عمل درآمد نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔پاکستان میں آج بھی زراعت،گھریلوملازمین،تعمیراتی مزدور اور دیہاڑی دارمزدوروں کو کسی قسم کا کوئی قانونی تحفظ حاصل نہیں ہے ، وہ تمام سہولیات اور مراعات سے محروم ہیں،آئین پاکستان اور آئی ایل اوکے کنونشنزکی توثیق کے باوجودآج بھی پاکستان میں صرف5فی صدمزدوروں کو یونین سازی کا حق حاصل ہے۔مہنگائی کے اس دورمیں مزدورفاقہ کشی اورخودکشیوں پرمجبورہے،ای اوبی آئی اورسوشل سیکورٹی میں مزدوروں کی رجسٹریشن نہ ہونے سے مسائل دن بدن بڑھ رہے ہیں۔صنعتی اور غیر رسمی شعبے کے مزدوروں کا آج بھی بری طرح استحصال ہورہا ہے،پاکستان ورکرزفیڈریشن مزدوروں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصدمزدوروں کی فلاح و بہبوداور انکے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔پاکستان ورکرزفیڈریشن آج بھی مختلف قومی تنظیموں کے ساتھ مل کر مزدوروں کے حقوق کی آواز بلند کررہی ہے اوراس کوشش میں ہے کہ ملک بھر کے مزدوروں کو قانونی تحفظ کے ساتھ ساتھ ای اوبی آئی،سوشل سیکورٹی میں مراعات مل سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یوم مئی کے موقع پر ہم وزیر اعظم ،وفاقی وزیر برائے انسانی وسائل و سمندرپارپاکستانیزاور متعلقہ اداروں سے پرزورمطالبہ کرتے ہیں کہ مہنگائی کے تناسب سے مزدوروں کی کم ازکم اجرت مقررکی جائے اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنایاجائے،موجودہ لیبرقوانین کو بہتراور آسان بنانے کے لیے ان میں ترامیم کی جائیں اور نئے لیبرقوانین کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے،غیر رسمی شعبے کے مزدوروں کے لیے قانون سازی کرکے ان کو قانونی تحفظ دیا جائے۔محنت کشوں کے سماجی تحفظ کے اداروں ای اوبی آئی،سوشل سیکورٹی اور ورکرزویلفیئرفنڈمیں رجسٹریشن کو یقینی بنایاجائے،ملک میں چائلڈلیبراور جبری مشقت کا خاتمہ کیا جائے، اداروں میں سیاسی مداخلت کو ختم کیا جائے تاکہ ادارے ترقی کرسکیں۔
آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کے تمام مسائل کے حل کے لیے فوری طور پرسہ فریقی لیبرکانفرنس منعقد کی جائے جس میں تمام سٹیک ہولڈرزشرکت کرکے مسائل کے حل کے لیے حکمت عملی بناسکیں، پاکستان ورکرز فیڈریشن مزدوروں کے حقوق اور تحفظ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے گی اور حکومت سمیت تمام متعلقہ اداروں کو مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے۔
تقریب میں صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی،انوررضا،علی رضا علوی،سیکرٹری نیئرعلی،آرآئی یوجے کے صدرطارق علی ورک،جنرل سیکرٹری آصف بشیر چوہدری،سٹیٹ بنک ڈیموکریٹک ورکرزیونین کے شفقت اللہ وڑائچ،اوجی ڈی سی ایل یونین کے صدرراجہ سلیم،اعجازبخاری،ٹیکسلا کاٹن ملز یونین کے منیر اختربٹ،اے ٹی وی یونین کے صفدرنفیس،پاک پی ڈبلیوڈی نیشنل ورکریونین کے چیئرمین راجہ حسن علی،خالد زمان،سی ڈی اے مزدوریونین کے صدراورنگزیب خان،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی،سپریم ہیڈ صوفی محمودعلی،حاجی صابر،مرزاسعید اختر،علی اصغرمانی بٹ،حاجی مشتاق احمد شاہد،اسدمحمود،چوہدر ی زاہد احمد،زاہد حسین بھٹی،راجہ غلام مرتضیٰ،ملک اکمل شہزاد،جاوید خان،سردارنسیم ممتاز،چوہدری منیر،وارث دلیپ،طارق شریف،ملک محمد اسلم سمیت سیاسی و سماجی شخصیات،صحافی تنظیموں،مزدوررہنماؤں اور راولپنڈی /اسلام آباد کی ٹریڈ یونینزکے عہدیداران اور مزدوروں نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔