اسلام آباد،25جون (اے پی پی): ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سینیٹ کی سفارشات آئینی ذمہ داری ہے، قابل عمل سفارشات کو ہمیشہ بجٹ میں شامل کیا جاتا ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے سینیٹ کی سفارشات پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ڈپٹی وزیراعظم نے کہا کہ سینٹ کی سفارشات آئینی ذمہ داری ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ بجٹ سینیٹ میں پیش ہو۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی یہ سفارشات تیار کرتی ہے جس میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہو تی ہے اور وزیر خزانہ اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام سے بھی اس موقع پر موجود ہوتے ہیں، سینیٹ کمیٹی کے سربراہی مانڈوی والا کر رہے ہیں جن کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے، ہمیں پارلیمنٹ کے دونوں ہائوسز کا احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ نے آئین کی تابعداری کرتے ہوئے سفارشات پیش کی ہیں، جو سفارشات قابل عمل ہیں اس کو بجٹ میں شامل کیا جاتا ہے۔