اسلام آباد؛سینئر حریت رہنمامصدق عادل کی دوسری برسی پر تعزیتی مجلس کا انعقاد

23

اسلام آباد،06جون  (اے پی پی):سینئر حریت رہنمامصدق عادل کی دوسری برسی پر مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر  و پاکستان کے دفتر پر کنوینر محمود احمد ساغر کے زیر صدارت ایک تعزیتی مجلس منعقد کی گئی۔ اجلاس کے شرکانے تحریک آزادی کشمیر کےلئے مصدق عادل کی گرانقدر اور بے مثال خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کےلئے مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ مصدق عادل جموں و کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے کےخلاف بھر پور جدوجہد کرتے رہے جس کی پاداش میں انہیں بڑے پیمانے پر بھارتی غیض وغضب کا نشانہ بننا پڑا اورانہوں نے جیل کی صعوبتیں برداشت کیں۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے مصدق عادل کے چھوٹے بھائی خورشید احمد کو گرفتار کرکے دوران حراست لاپتہ کیا۔انہوں نے مصدق عادل کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔اس موقع پر مقررین نے گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں ایک بھارتی طالب علم کی طرف سے توہین آمیز پوسٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے گستاخ طالب علم کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔