لاہور، 27 جون (اے پی پی): امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے سوشل ویلفئیر کے دفتر کا دورہِ کیا اور صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور امریکی حکومت کے درمیان سماجی بہبود پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی قونصل جنرل کی جانب سے پنجاب حکومت کو سماجی منصوبوں کی معاونت کی دعوت دی گئی ۔ وزیر سوشل ویلفیئر نے عوامی فلاح و بہبود پر حکومتی اقدامات بارے امریکی قونصل جنرل کو تفصیلی بریفننگ دی۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ہمت کارڈ کے اجراء پر وزیراعلی پنجاب کی ستائش کی گئی اور مستحق افراد کے لیے مالی معاونت کے منصوبہ جات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ترجمان سوشل ویلفیئر کے مطابق امریکی قونصل جنرل کی جانب سے صحت، تعلیم اور روزگار میں حکومتی معاونت کے لیے خصوصی اقدامات کرنے پر آمادگی ظاہر کی گئی ۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر نے معاشرتی اور اقتصادی استحکام کے لیے حکومتی اقدامات، کمزور طبقات کے لیے خصوصی پروگرام پر امریکی قونصل جنرل کو آگاہ کیا ۔
سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی اور معذور افراد کے لیے عمارات کو قابل رسائی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے مزید خصوصی مراکز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ خواتین کی بحالی اور تحفظ کے لیے اقدامات پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی فوکس ہے۔ بزرگ شہریوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے قانون سازی کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ جہیز کے مسائل کے حل کے لیے قانون سازی کے بھرپور حامی ہیں۔ بیواؤں اور یتیموں کے لیے خصوصی پیکیجز لے کر آ رہے ہیں۔ سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ سماجی بہبود کے منصوبوں میں این جی اوز کی شرکت یقینی بنانا بہت اہم ہے۔ انھوں نے کہا ایف اے ٹی ایف کے پروٹوکولز کی پیروی کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے اقدامات بے حد ضروری ہیں۔ معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی ترویج کے لیے مریم نوازشریف کی قیادت میں دن رات کوشاں ہیں۔ سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ ٹرانسجینڈر افراد کے حقوق اور فلاح کے لیے اقدامات کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے خصوصی پروگرام شروع کر رہے ہیں۔