بجٹ 2024-25 ، گریڈ ایک سے سولہ تک25فیصد ،17سے 22گریڈ تک 20فیصد جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 15فیصد اضافہ کی تجویز

19

اسلام آباد، 12 جون (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے   کہا ہے   کہ  مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں گریڈ ایک سے سولہ تک25فیصد ،17سے 22گریڈ تک 20فیصد جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 15فیصد اضافہ کی تجویز ہے ۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید متاثر ہوئی ہے، تنخواہ دار طبقہ اس سے خاص طور پر متاثر ہوا ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت اپنی مالی مشکلات کے باوجود سرکاری ملازمین کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے ان کے لئے ریلیف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  1 سے 16 گریڈ کے سرکاری ملازمین کی قوت خرید بہتر بنانے کے لئے تنخواہوں میں پچیس (25) فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ 17 سے 22 گریڈ کے افسران کی تنخواہوں میں بیس (20) فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں پندرہ (15) فیصد اضافہ کرنے کی تجویز ہے۔ اسی طرح کم سے کم ماہانہ تنخواہ بتیس ہزار (32,000) روپے سے بڑھا کر سینتیس ہزار (37,000) روپے کرنے کی تجویز ہے۔