اسلام آباد، 12 جون (اے پی پی): اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں وفاقی بجٹ 25-2024پیش ہونے کے بعد چیمبر کے عہدیداران نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا۔ ان اعلیٰ عہدیدارن میں صدر، نائب صدر، تاجر برادری انجمن تاجران اور چیمبر کے باقی ممبران نے وفاقی بجٹ کے بارے میں کہا کہ حکومت نے اس بجٹ میں بہت سے ایسے اقدامات بھی کئے ہیں جن سے تاجر اور عوام دونوں کو ریلیف فراہم ہوگا۔
چیمبر کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ بجٹ میں لئے گئے مثبت اقدامات جس میں ڈیڑھ فیصد مارک اپ ریٹ ، حوالہ ہنڈی کے حوالے سے اقدامات، مہنگائی میں 38 سے 11 فیصد کمی، سرکاری ملازمین کی تنخواؤں میں اضافہ، فی کس آمدنی کا بڑھنا اور اسکے علاوہ تجارتی خسارہ کم کرنے سےمتعلق جو بھی حکومتی اقدامات ہیں اس سے تاجر برادری کو کافی حد تک آسانی ہوگی۔
احسن بختاوری نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بہت سے حکومتی اقدامات جیسے آئی ٹی مصنوعات کی درآمد پر چھوٹ، سیاحت کے شعبے میں اصلاحات، تاجر برادری کے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے ساتھ ساتھ ملک میں سیاسی اور سیکیورٹی استحکام پر خصوصی توجہ دینے سے نہ صرف تاجر بلکہ عوام میں بھی اعتماد کی فضا قائم ہوگی۔