بجٹ 2024-25 میں آئی ٹی  کے شعبے کے حوالے سے اقدامات

31

اسلام آباد،12جون (اے پی پی):  وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات  محمد اورنگزیب  نے کہا ہے کہ   مالی سال 2024-25  کے بجٹ  میں   وفاقی حکومت آئی ٹی سیکٹر پر خصوصی توجہ دے گی  ،  حکومت کی پالیسییوں کے نفاذ کے بعد اس سال آئی ٹی کی برآمدات ساڑھے تین ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔

قومی اسمبلی میں  بجٹ  پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مالی سال 2024-25 میں آئی ٹی سیکٹر کے لیے 79 ارب روپے سے زیادہ رقم  مختص کرنے کی تجویز  دی گئی ہے  جبکہ ایف بی آر  میں ڈیجیٹلائزیشن اور اصلاحات کے لیے سات ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ  کراچی میں آئی ٹی پارک کی تشکیل کے لیے آٹھ ارب روپے فراہم کیے جائیں گے جبکہ   پاکستان سافٹ وئر ایکسپورٹ بورڈ کے لیے دو ارب روپے  اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر انفارمیشن کے اقدام کے لیے 20 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے ۔