بجٹ 2024-25 میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے مختص رقم میں ستائیں ( 27) فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے؛وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب

67

اسلام آباد،12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے   کہا ہے   کہ  آئندہ مالی سال کے لیے  بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام کے لیے مختص رقم میں ستائیں ( 27) فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے ،جس سے  مختص رقم پانچ سو ترانوے (593) ارب روپے تک بڑھ  گئی ہے ۔

قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2024-25ء کی بجٹ تقریر میں  وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام ہمارے سماجی تحفظ کے اقدامات کے سنگ بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے،بی آئی ایس پی کے تحت ملک بھر میں لاکھوں خاندانوں کو ضروری نقد امداد فراہم کی جاتی ہے،موجودہ  حکومت ‏ کا عزم ہے کہ کمزور طبقے کی زیادہ سے زیادہ معاونت کی جائے،  بجٹ کے ذریعے کمزور طبقوں کو  بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے معاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ  کفالت پروگرام کے تحت مستفید ہونے والے افراد کی موجودہ تعداد کو نو اعشاریہ تین (93) ملین سے بڑھا کر دس (10) ملین کیا جائے گا،  ان خاندانوں کو مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیش ٹرانسفر میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ  تعلیمی وظائف پروگرام میں مزید دس (10) لاکھ بچوں کا اندراج کیا جائے گا، اضافے کے بعد وظائف کی کل تعداد دس اعشاریہ چار (10.4) ملین ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نشوونما پروگرام میں اگلے مالی سال کے دوران پانچ (5) لاکھ مزید خاندانوں کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ  بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مالی خود مختاری کا ایک ہائیبرڈ سوشل پروٹیکشن پروگرام متعارف کرانے کے منصوبے کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے ۔