بلوچستان میں دہشتگردوں کا اہم نیٹ ورک پکڑا گیا۔بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو

14

کوئٹہ،26جون  (اے پی پی ):بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کا اہم نیٹ ورک پکڑا گیا، کالعدم ٹی ٹی پی کی دفاعی شوریٰ کے سربراہ دہشت گرد نصر اللّٰہ عرف مولوی منصور کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار کمانڈر نصراللہ ٹی ٹی پی شوری کے دفاعی کمیشن کا ممبر بھی رہا ہے، کالعدم تنظیم کے دو اہم کمانڈرز کو گرفتار کیا گیا ہے،دہشتگردوں کو ایک مشکل آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا۔ بدھ کو کوئٹہ میں ترجمان بلوچستان حکومت شاید رند اور ڈی آٰی جی اعتزاز گورایہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ کمانڈرز کی گرفتاری پر انٹیلی جنس اداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، عالمی دنیا کے سامنے اب کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، ان واقعات کے پیچھے انڈیا کا ہاتھ ہے،بھارت کینیڈااورامریکا میں بھی ایسی کارروائیوں میں ملوث ہے، ہندوستان 20سال سے پاکستان میں دہشتگردی افغانستان سے کرارہا ہے۔ گزشتہ دنوں دہشتگردی کے بارے میں بڑی کامیابی ملی ہے، قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں نے ایک پیچیدہ آپریشن کیا، کارروائی میں اہم دہشتگرد کمانڈر کو گرفتار کیا گیا جن میں کمانڈر نصراللہ اور کمانڈر ادریس شامل ہیں۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ایسے عناصر کو پہچانیں اپنی آنکھیں کھولیں، معصوم لوگوں کو ورغلا کر پہاڑوں پر لے جایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو میرا پیغام ہے کہ جو نوجوان پہاڑوں پر گئے ہیں ان کو ورغلایا اور گمراہ کیا گیا ہے، یہ پاکستان آپ کا وطن ہے اپنی سکیورٹی فورسز کا ساتھ دیں، دشمن کے عزائم آپ کے ملک کو دہشتگردی میں دھکیلنا چاہتے ہیں، آپ سب مل کر دہشتگردوں کے منصوبوں کو ناکام بنائیں۔