بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے مطالبے کو کمزور نہیں کر سکے گی،رابیہ اعجاز

16

نیو یارک،28جون(اے پی پی):اقوام متحدہ میں سیکرٹری پاکستانی مشن رابیہ اعجاز نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے مطالبے کو کمزور نہیں کر سکے گی۔بھارت کو حقائق کو نظر انداز کرنے،ان سے بچنے اور غلط بیانیوں کی مہارت حاصل ہے اور عادتاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سامنے ‘پرانے اور گھسے پٹے دعوے’ پیش کر کے جھوٹ پھیلا رہا ہے۔ سچائی کو ماننے سے انکار نئی دہلی کے لئے عالمی شرمندگی کا باعث ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنے بیان میں کیا۔ رابیہ اعجاز نے جموں و کشمیر میں بچوں کے خلاف بھارتی سنگین خلاف ورزیوں کا ذکر کیا اور انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں بھارت سے پیلٹ گنز کا استعمال ختم کرنے، حراست کو کم کرنے اور  بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر  میں زیادتیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

انہوں  نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ٹی ٹی پی اور بی ایل اے نے پاکستان میں بچوں پر دہشت گرد حملے کیے ہیں،جن میں 2014 کا آرمی پبلک سکول حملہ شامل ہے جس میں 130 سے زائد بچے شہید ہوئے۔ رابیہ اعجاز نے کہا کہ ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کو بھارتی ایجنسیوں نے مالی اعانت فراہم کی ہے،اور بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو نے بھارت کی حمایت کا اعتراف کیا ہے۔

انہوں  نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کے مستقبل کا تعین آزاد اور منصفانہ رائے شماری سے ہونا چاہیے۔