اسلام آباد، 20 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر تمام سرکاری اداروں نے امن و امان اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو فرض شناسی کے ساتھ بخوبی سرانجام دیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت تمام قائدین عید الاضحیٰ پر انتظامات کے حوالے سے متحرک رہے اور عیدپرامن گذری۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کے دورۂ چین پر چین کی طرف سے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات خوش آئند ہے، اب چین کا اعلیٰ سطحی وفد دورے پر پاکستان پہنچ رہا ہے اور سلسلے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بہت سی طاقتوں کو پاک چین دوستی ہضم نہیں ہو رہی، وہ پاک چین دوستی پر تنقید کر رہے ہیں، تنقید برائے تنقید مناسب نہیں ہوتی جبکہ چینی وفد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی دلیل ہے اور ہم چین کے سفیر اور چینی سفارت خانہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے معاملات کو بہتر طریقے سے آگے بڑھایا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہم تمام اکائیوں کے ساتھ خوش اسلوبی سے چلنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں وفاق نے ہمیشہ تعاون کیا ہے، لوڈ شیڈنگ ان علاقوں میں کی جاتی ہے جہاں بجلی چوری یا لائن لاسز ہوں اور خیبر پختونخوا بھی پاکستان کا اتنا ہی حصہ ہے جتنا پنجاب پاکستان کا، بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کے مسائل تمام صوبوں کو مل کر حل کرنا ہونگے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ 9 مئی کے حملہ آوروں نے ملکی مفاد و سلامتی کو داﺅ پر لگایا، ان سے کوئی بات نہیں کی جا سکتی، لوگوں کی عید ایثار اور قربانی کے جذبے کے ساتھ گزرتی ہے جبکہ ایک سیاسی جماعت کی عید پاکستان اور چین کی دوستی کے خلاف مہم چلاتے ہوئے گزری۔