لاہور 20جون (اے پی پی): صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ڈی سی آفس اٹک میں جاری ترقیاتی اسکیموں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر کو ترقیاتی اسکیموں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اٹک میں جاری 103 ترقیاتی سکیموں پر 32514 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔ ترقیاتی سکیموں میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر کی بہتری / بحالی و دیگر عوامی فلاح کے منصوبے شامل ہیں ۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے ترقیاتی سکیموں کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افسران باقاعدگی سے ترقیاتی سکیموں کا دورہ کریں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں میں معیار اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھر میں سٹرکیں بحال۔پنجاب خوشحال کامیابی سے جاری ہے۔
شیخ آفتاب احمد ممبر قومی اسمبلی،ملک سہیل احمد کمڑیال ممبر قومی اسمبلی، چوہدری شیر علی ممبر صوبائی اسمبلی، ملک اعتبار، ممبر صوبائی اسمبلی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔