تھر کول پروجیکٹ کے بلاک ٹو پر کام کرنے والی نجی کمپنی سندھ اینگرو کول کی جانب سے شجرکاری مہم جاری

21

تھرپارکر ۔ 30 جون (اے پی پی):موسمیاتی تبدیلی کے باعث ملک بھر میں بڑھتی ہوئی شدید گرمی اور حبس کے بعد، تھر کول پروجیکٹ کے بلاک ٹو پر کام کرنے والی نجی کمپنی سندھ اینگرو کول کی جانب سے تھرپارکر ضلع میں شروع کی گئی “سرسبز تھر” مہم کے سلسلے میں شجرکاری مہم جاری ہے۔ ضلع بھر کے مختلف شہری و دیہی علاقوں میں قائم سرکاری و نیم سرکاری اداروں سمیت گوٹھوں میں شجرکاری کی جا رہی ہے جس میں مقامی پودے جیسے نیم، سھانجڑو، کیکر، کنڈی، سرنھن، روھیڑو اور جار سمیت سایہ دار پودے لگائے جا رہے ہیں۔اس سلسلے میں   سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے انوائرمنٹ افسر رجب کریم بھان، ایس ایس پی تھر شبیر سیٹھار اور سماجی تنظیم ولی فاؤنڈیشن کے ولی نھڑیو نے پولیس ہیڈکوارٹر مٹھی میں پولیس کے جوانوں کے ہمراہ پودے لگائے۔اس موقعے پر ایس ایس پی تھر نے کہا کہ تھر کے صحرا میں خشک سالی کے خطرے کےپیش نظر ہم سب کو شجرکاری کرنی چاہیے۔ تھر پولیس اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ضلع بھر کے تمام تھانوں میں شجرکاری کر کے سرسبز تھر مہم کا حصہ بنے گی۔ ایس ایس پی کے مطابق، تمام تھانوں میں لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال کے لیے وہ خود نگرانی کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہم نہ صرف ماحولیاتی بہتری کے لیے ہے بلکہ تھر کے باسیوں کو بھی اس میں شامل ہونے کی ترغیب دی جائے گی تاکہ ہمارا صحرا سرسبز و شاداب ہو سکے۔ سرسبز تھر مہم تھر کی خشک سالی کو کم کرنے اور موسمی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ پولیس فورس اس مہم میں بھرپور حصہ لے گی اور تھر کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔سماجی تنظیم ولی فاؤنڈیشن کے سی ای او ولی نھڑیو کا کہنا ہے کہ “تھرپارکر میں جاری سرسبز تھر مہم کے تحت شجرکاری مہم جاری ہے۔