جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کا پانچواں کانووکیشن وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی مہمان خصوصی کے طور شرکت

52

سیالکوٹ۔ 29 جون (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کا پانچواں کانووکیشن گریس مارکی میں منعقد ہوا جس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے ابتدائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے مہمان خصوصی خواجہ محمد آصف صدر چیمبر عبدالغفور ملک اور صدر ویمن چیمبر ڈاکٹر مریم نعمان و اراکین، ممبرز سنڈیکیٹ، پبلک اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، ایلومینائی ممبران، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر مہمانان گرامی کا کانووکیشن میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی میدان میں کامیابیوں، امام بی بی کیمپس پر ترقیاتی کام اور مستقبل کے تعلیمی اور تحقیقی پراجیکٹس پر تفصیلاً سالانہ رپورٹ بھی پیش کی۔

 کانووکیشن میں بی ایس سیشن 2017-21 کی 1542، ایم اے/ایم ایس سی سیشن 2019-21 کی 344 اور ایم ایس 2018-20 اور 2019-21 کی 344 طالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔

پانچویں کانووکیشن میں کل 2210 طالبات کو ڈگریاں دی گئیں جس میں 29 گولڈ میڈل، 29 سلور میڈل اور ایک علامہ اقبال میڈل دیا گیا۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی مس گلناز شجاعت پاشا نے طالبات اور والدین کو مبارکباد پیش کی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے کنٹرولر ملک گلشان اسلم ،ان کی ٹیم اور دیگر انتظامیہ کمیٹی ممبران کی کاوشوں کو سراہا اور کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔