فیصل آباد ، 13 جون (اے پی پی): حکومت نے مشکل معاشی حالات میں بہترین بجٹ پیش کیا ہے،یہ ایک متوازن بجٹ ہے اور اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جا سکتا تھا۔ میاں محمد شہباز شریف وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نے انتھک محنت کر کے پوری کوشش کی ہے پاکستان کے غریب طبقہ کو ریلیف دیا جائے اور میں یہ سمجھتا ہوں اس بجٹ میں ریلیف دیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار صاحبزادہ حافظ محمد امجد جنرل سیکرٹری علما ومشائخ ونگ پاکستان مسلم لیگ( ن ) پنجاب نے اے پی پی سے پوسٹ بجٹ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ سولر غریب آدمی کے استعمال میں تھا اور جس کے متعلق بہت سی افواہیں بھی گردش کر رہی تھیں لیکن حکومت نے سولر پر ٹیکس کی چھوٹ دے کر یہ پیغام دیا ہے کہ یہ عوام دوست غریب دوست بجٹ ہے اور دوسرا غریب ملازمت پیشہ طبقہ کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزدور کی تنخواہ جو 30 ہزار تھی اسکو بڑھا کر 37 ہزار کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدور کے ساتھ میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی کمٹمنٹ ہے کہ مزدور کو اس کی مزدوری اس کے حق کے مطابق دی جائے،اس بجٹ میں اس کی تنخواہ میں اضافہ کر کے وہ منشور اور وہ وعدہ پورا کیا گیا ہے۔
حافظ محمد امجد نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ جس طرح پوری دنیا کے معاشی حالات ناگفتہ بہ ہیں اس میں حکومت پاکستان نے میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں یہ بہترین بجٹ پیش کیا ہے اور پھر اس کے ساتھ حکومت نے پاکستان کے70 فیصد غریب طبقہ کے لیے جو سہولیات اور مراعات اس بجٹ میں رکھی ہیں یقینا میں یہ سمجھتا ہوں کہ آنے والے دنوں میں حکومت پاکستان اس بجٹ کے ذریعے بھی اور دیگر اقدامات کے ذریعے بھی عوام کو ریلیف دے گی اور عوام کو سکون کاسانس میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے پاکستان کی حکومت کو مزید خدمت کا موقع ملے اور جس طرح میں نے پہلے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کی یہ کوشش ہے کہ جو غریب اور مڈل کلاس کو ریلیف ملے ہیں اور 6 لاکھ آمدنی پر ٹیکس کا نہ ہونا اسی کی طرف اشارہ کرتا ہےاور پھر اسی طرح انتہائی غریب پسا ہوا طبقہ جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہوتا ہے اس کی رقم میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور ان لوگوں کو ریلیف دیا گیا ہے، یہ طبقہ اس رقم سے استفادہ حاصل کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو ملازم پیشہ طبقہ تھا جس کی 6 لاکھ آمدن ہے اس پر بھی کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا جس پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں خصوصا وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کو کہ انہوں نے انتھک محنت کر کے اس بجٹ میں غریب عوام کے لیے ریلیف پیدا کیا۔