لاہور۔24 جون ( اے پی پی ) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کے ورکنگ گروپ کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا ۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران ہیلتھ انشورنس پروگرام میں مزید بہتری کے اقدامات کا جائزہ لیا۔متعلقہ ایکسپرٹس نے اس حوالہ سے اپنی قیمتی تجاویز اور آراء پیش کیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے دوران ہیلتھ انشورنس پروگرام میں شیئر ڈسٹری بیوشن فارمولا پر ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ہیلتھ انشورنس پروگرام میں خرابیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پروگرام میں بہتری لانے کیلئے حتمی سفارشات کو مرتب کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کی سہولت کی خاطر ہیلتھ انشورنس پیکج کی حد دس لاکھ روپے اور کوریج کا دائرہ کار بڑھا رہی ہے۔ہیلتھ انشورنس پروگرام کے حوالہ سے نجی سے سرکاری ہسپتالوں کے شیئر میں بہت بہتری لائی گئی ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کو سرکاری ہسپتالوں کی نسبت زیادہ معیاری اور بہتر طبی سہولیات کہیں اور میسر نہیں آ سکتیں۔ ماضی میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کو اپنی سیاست چمکانے کیلئے استعمال کر کے عوام کے حق پر ڈاکہ مارا گیا ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، سی ای او پی ایچ آئی ایم سی ڈاکٹر علی رزاق، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈاکٹر زاہد پرویز، محکمہ فنانس اور پی اینڈ دی کے افسران نے شرکت کی۔