خانیوال ،11جون(اے پی پی ): ڈسٹرکٹ سپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کا اجلاس زیر صدارت رانا معین الدین صدر منعقد ہوا جس میں کھیلوں کی مختلف تنظیموں اور کلبوں کے نمائندوں نے شرکت کی، شرکا نے اجلاس میں محمد حفیظ خان ڈی او سپورٹس کے خانیوال میں تعینات ہونے کے بعد نمایاں تبدیلی کو سراہا اور کہا کہ تمام گراؤنڈز صاف اور سر سبز نظر آرہے ہیں ، سپورٹس جمنازیم میں بھی دن بدن ممبر شب میں اضافہ ہوا جبکہ کھلاڑیوں کی بھرپور ٹریننگ سے رونقیں بحال ہو رہی ہیں۔
رانا معین الدین صدر ،رانا عمر فاروق وائس چیئرمین، حاجی عنبر بشیر احمد جنرل سیکرٹری پنجاب ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ خانیوال میں پنجاب کے بہترین صلاحیتوں والے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تعینات ہیں جو ہمہ وقت دفتر کی بجائے کھلاڑیوں کے درمیان گراؤنڈز میں موجود رہتے ہیں ، دو سال میں خانیوال سٹیڈیم کا نقشہ اور ماحول بدل گیا ہے آئے روز بہتری کی توقع ہے۔
انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ محمد علی بخاری جو نئے ڈپٹی کمشنر تعینات ہوئے ہیں اور بہت اچھی شہرت رکھتے ہیں ان کی سرپرستی میں خانیوال میں مزید کھیلوں کو فروغ ملے گا۔
اجلاس میں ان شر پسند عناصر کی مذمت کی گئی جو اسٹیڈیم کا ماحول خراب کر رہے ہیں ۔ غنڈہ گردی اور بلیک میلنگ کے ذریعے سرکاری فیس دینے سے انکاری ہیں ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور خانیوال میں کھیلوں کے میدان میں ہونے والے ترقیاتی کام میں رکاوٹ ہیں۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال سے نوٹس کا مطالبہ کیا گیا کہ کھیلوں کا ماحول خراب کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ یہاں پرآنے والی خواتین اور سکول و کالج کی طالبات جو کثیر تعداد میں آتی ہیں پریشان نہ ہوں ۔
اجلاس میں شرکا نے ڈپٹی کمشنر خانیوال محمد علی بخاری سے خانیوال سٹیڈیم میں سپورٹس گالہ کے انعقاد کا مطالبہ کیا تاکہ مقامی سطح پر کھل اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کے مواقع مل سکیں اور اچھی کارگردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کی حوصلہ افزائی بھی ہو سکے، رانا معین الدین صدر ویلفیئر ایسوسی ایشن نے اجلاس کے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اجلاس کی کارروائی کو آئندہ تک ملتوی کردیا۔