خیبرپختونخوا میں کوئی بین الاقوامی معیار کا کرکٹ گراؤنڈ تک نہیں ہے،فیصل کریم کنڈی

10

پشاور،11جون(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کوئی بین الاقوامی معیار کا کرکٹ گراؤنڈ تک نہیں ہے، ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم خیبرپختونخوا اور پشاور کا سب سے پرانا کرکٹ اسٹیڈیم ہے جو تاریخی حیثیت رکھتا ہے اور ہمارے لئے جذباتی اہمیت کا حامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہاں پر شہید بے نظیر بھٹو نے پشاور میں اپنا آخری جلسہ کیا تھا، جو اس اسٹیڈیم کی تاریخی حیثیت کو اور بھی زیادہ اہم بناتا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ 2017 میں اس اسٹیڈیم پر تعمیراتی کام شروع ہوا تھا اور 2024 تک پہنچ چکے ہیں، لیکن نوجوانوں کے نمائندے اپنے آپ کو کہنے والے آج تک کچھ نہیں کر پائے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ پچھلے 15 سالوں سے فرسٹ کلاس کرکٹ یہاں بند ہے اور 10 سال سے یہ اسٹیڈیم زیر تعمیر ہے اور یہ صورتحال ہمارے کرکٹ کے مستقبل کے لئے بہت مایوس کن ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں سب سے زیادہ کھلاڑی خیبرپختونخوا سے ہیں، لیکن یہاں کرکٹ کی اکیڈیمی تک نہیں نہ ہی کوئی بین الاقوامی معیار کا کرکٹ گراؤنڈ ہے۔