دو طرفہ تجارت سے پاک چین بزنس کمیونٹی کے مابین اعتماد کو فروغ حاصل ہوگا: عبدالعلیم خان

34

شینزن ، چین ، جون06 (اے پی پی ): وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان   نے کہا ہے کہ اس پاک چائنہ بزنس فورم کا انعقاد کامیاب ترین اور غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے  اور اس  کانفرنس میں چین کی 500اور پاکستان سے100کمپنیوں کی شرکت حوصلہ افزا ہے۔

دورہ چین کے موقع  پر شینزن میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ  کانفرنس کے موقع ہر   32ایم او یوز پر دستخط، دونوں اطراف کی بزنس کمیونٹی باہم منسلک ہو گئی ہے ان  کاروباری معاہدوں  سے دونوں ممالک کے مابین بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں کو عملی طور پر فروغ ملے گا۔

وفاقی وزیر  نے مزید کہا کہ  یہ فورم چین کیلئے بھی منفرد پلیٹ فارم ہے کہ وہ پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرے ، پاکستان میں سرمایہ کاری سے چین کو بھی دیگر ممالک کو ڈائریکٹ ایکسپورٹ کا موقع ملے گا جبکہ  پاک چائنہ بزنس کے فروغ سے پاکستانی کمپنیوں کی ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہوگا۔

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بزنس میں رابطے ہموار ہونے سے لانگ ٹرم شراکت کے دروازے کھلتے ہیں، دو طرفہ تجارت سے پاک چین بزنس کمیونٹی کے مابین اعتماد کو فروغ حاصل ہوگا ۔