اسلام آباد،11جون (اے پی پی):رواں مالی سال ترقی کی شرح 2.38 فیصد رہی ، حکومتی اصلاحاتی پالیسی دو طرفہ بین الاقوامی اور کثیر الجہتی پارٹنرز کی جانب سے سرمایہ کی آمد اور بتدریج اقتصادی بحالی کی وجہ سے مثبت شرح نمو ممکن ہوئی ۔
منگل کو اقتصادی سروے میں بتایا گیا کہ مالی سال 2024 کے دوران مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی ہو رہی ہے ،جی ڈی پی کے حجم میں 26.4 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ گزشتہ مالی سال کے 83875 ارب روپے کے مقابلے میں بڑھ کر ایک لاکھ 6 ہزار 45 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
فی کس آمدنی میں 129 ڈالر کا اضافہ ہوا اور یہ گزشتہ مالی سال کے 1551 ڈالر کے مقابلے میں 1680 ڈالر پر پہنچ گئی۔سیاسی عدم استحکام اور سخت اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاری کی شرح میں کمی واقع ہوئی اور مالی سال 2023 کے 14.13 کےمقابلے میں کم ہو کر مالی سال 2024 کے دوران 13.4 فیصد پر آگئی۔اسی طرح جی ڈی پی کے تناسب سے بچتوں کی شرح میں بھی کمی واقع ہوئی اور یہ مالی سال 2023 کے 13.2 فیصد کے مقابلے میں کم ہو کر مالی سال 2024 میں 13 فیصد پر آگئی۔