سیالکوٹ 16 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنیئر نوید اقبال نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران ہمارے ریسکیورز کا پلان مرتب کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ریسکیو اہلکار تین شفٹوں میں عوامی خدمت اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے اور ہر وقت اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 نے شہریوں کی حفاظت اور خدمت کے لیے تو اپنا پلان جاری کر دیا ہے لیکن اس ضمن میں شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ بھی ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے پیاروں کی حفاظت کریں اور اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں بالخصوص وہ بچے جو ابھی 14, 15 سال سے لیکر 25 سال تک کے بچوں کا خاص خیال رکھیں کہ وہ دوران عید ون ویلنگ نہ کریں اور تیراکی یا نہانے کی غرض سے نہروں سمیت تالابوں یا جوہڑوں پر بالکل بھی نہ جائیں تاکہ عید کی چھٹیوں کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ پیش آئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کا کہنا تھا کہ والدین اس سلسلے میں اپنے بچوں کی رہنمائی کریں اور ان پر کڑی نظر بھی رکھیں تاکہ ان کے پیارے محفوظ رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران شہری لطف اندوز ہوتے کے لیے اگر کہیں جائیں تو وہاں انتظامیہ کی جانب سے لکھی گئی ہدایات کو لازمی پڑھیں اور ان پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔