ریسکیو 1122 سیالکوٹ کا مویشی منڈیوں اور عیدالاضحیٰ کے حوالے سے ایمرجنسی پلان جاری

19

سیالکوٹ۔11جون  (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنیئر نوید اقبال نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں قائم مویشی منڈیوں اور عیدالاضحیٰ کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ریسکیو 1122 نے  ایمرجنسی پلان جاری کر دیا ہے۔

 ریسکیو 1122 کے جاری کردہ ایمرجنسی پلان کے مطابق ریسکیو اہلکار ضلعی انتظامیہ کی جانب سےسیالکوٹ میں بنائی گئی پانچوں مویشی منڈیوں میں اپنی خدمات فراہم کر رہے ہیں اور ان منڈیوں میں ایمرجنسی کائونٹرز بھی قائم کر دئیے گئے ہیں جہاں  مویشی خریدنے اور بیچنے والوں کو  خدمات  فراہم کی جاری رہی ہیں ۔  انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ میں حکومت پنجاب کی جانب سے جو پانچ سرکاری  مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں ان میں سے ایک مویشی  منڈی  وزیرآباد روڈ پر گولوپھالہ اگوکی کے مقام پر قائم  کی گئی ہے جبکہ دوسری   مویشی منڈی اکبر آباد روڈ پر قائم ہے، اسی طرح ایک مویشی منڈی تحصیل سمبڑیال، ایک تحصیل پسرور اور ایک ہی تحصیل ڈسکہ میں  قائم کی گئی ہے جہاں  ریسکیو 1122 کے اہلکار کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے  کے لیے  تیار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں میں قائم مویشی منڈیوں میں کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال یا ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو 1122 کے اہلکار، ریسکیو ایمبولینسز، فائر بریگیڈ گاڑیاں، موبائل گاڑیاں اور ریسکیو محافظین  کو تعینات کر دیا گیا ہے جوہمہ وقت یہاں پر  موجود ہیں اور تین شفٹوں کی صورت میں عوام کو خدمات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔