ساہیوال،05 جون(اے پی پی):مڈھالی روڈ کی کارپٹنگ اور فرید ٹاﺅن روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کا کام عید سے قبل مکمل ہو جائیں گے جس سے شہریوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔ یہ یقین دہانی پسپ پروگرام کے سٹی مینجر اسجد خاں نے کمشنر آفس میں ہونے والے جائزہ اجلاس میں بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی۔
انہوں نے بتایا کہ مڈھالی روڈ پر کارپٹنگ کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ فرید ٹاﺅن روڈ پر پائپ ڈالنے کا کام بھی تیز ی سے جاری ہے اور کالج چوک تک یہ کام عید سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے غلہ منڈی اور پاکپتن روڈ پر پائپ ڈالنے کے کام کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ غلہ منڈی میں سڑک کی مرمت کا کام عاشورہ محرم شروع ہونے سے پہلے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے گلستان روڈ پر نادرا آفس سے متصل ایک رہائشی کی طرف سے سڑک کاٹنے کا سخت نوٹس لیا اور مذکورہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی ہدایت کی جس پر میونسپل آفیسر وقاص اکرم نے بتایا کہ اندراج مقدمہ کے لئے درخواست جمع کرا دی گئی ہے جبکہ سڑک کو نقصان پہنچانے کی مد میں 40ہزار روپے ریکوری بھی کی جائے گی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے شہر میں مستقل بنائی گئی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،ڈائیریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ اور میونسپل افسران سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی-