قصور۔ 30 جون (اے پی پی):ڈی پی اوقصور محمد عیسیٰ خا ن کی ہدایت پر پولیس نے رات گئے بھاری نفری کیساتھ تھانہ راجہ جنگ کے علاقہ میرمحمدگاؤں میں گرینڈ سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن میں ڈی ایس پی صدر خالد اسلم، ایس ایچ او راجہ غلام صابر سمیت 04 تھانوں کی نفری، سی آئی اے سٹاف اور ایلیٹ کے جوانوں نے حصہ لیا۔
سرچ آپریشن کے دوران انر کارڈن اور آؤٹر کارڈن ڈیوٹی لگائی گئی‘ 100 کے قریب گھروں کو چیک کیا گیا، 150 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی‘ سرچ آپریشن کے دوران 18 مشتبہ ملزمان اور 02 مجرم اشتہاریوں کو حراست میں لیا گیا۔
سرچ آپریشن کے دوران 17 کلوگرام سے زائد منشیات اور جدید ناجائز اسلحہ برآمد‘تفتیش جاری۔ ڈی پی اوقصورمحمدعیسیٰ خاں نے بتایا کہ سرچ آپریشن کا مقصد سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا ہے‘ ضلع کو ڈاکوؤں، چوروں اور لٹیروں سے پاک کر کے امن کا گہوارہ بنایا جائے گا‘ ضلعی پولیس شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے دن رات کوشاں ہے۔