سرکاری املاک پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی

23

ٹنڈومحمدخان،27جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی نے کہا کہ سرکاری املاک پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، فوری طور پر قبضہ خالی کرایا جائے گا، غیر منقولہ سرکاری اثاثوں جن میں دفاتر، اسکولز وکالجز کی عمارتیں، کواٹرز، بنگلے اور رہائشی فلیٹس شامل ہیں،  قابضہ مافیا خود قبضہ ختم کردیں بصورت دیگر قانونی لائحہ عمل استعمال کریں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس ہال ٹنڈومحمدخان میں افسران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، اجلاس میں متعلقہ افسران کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو مکمل تفصیلات فراہم کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر دھرمو باوانی نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی محکمے کے دفاتر کسی بھی مجبوری کے تحت دیگر سرکاری محکموں کے زیر استعمال ہیں اس کی مکمل تفصیل  پروفارما کے تحت فراہم کی جائے اس کے ساتھ انہیں مختلف محکموں کی جانب سے ان کے سرکاری فلیٹس، بنگلوز، کواٹروں میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افراد کی تفصیل بھی فراہم کی گئیں۔

انہوں نے اجلاس سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ جن محکموں کے افسران نے ابھی تک مکمل تفصیل فراہم نہیں کی یا ان کی تفصیل نا مکمل ہے اسے جلد از جلد مکمل کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ جو افسران یا ملازمین دیگر سرکاری اداروں کے فلیٹس، بنگلوز اور کوارٹرز میں رہائش پذیر ہیں ان کی تفصیل بھی فراہم کی جائے کہ تاکہ ان کی تنخواہ سے ہاؤس رینٹ الاوئنس اداکررہے ہیں یا نہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ جس بھی محکمے کو دیگر محکموں کے دفاتر، کواٹر، فلیٹ یا بنگلوز استعمال کرنے کا کوئی الاٹمنٹ آڈر ہے تو وہ پروفارما کے ساتھ فراہم کیا جائے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عبدالحمید مغل، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ غلام مصطفيٰ زئنور، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالوہاب نظامانی، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر مظفر میمن، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عبدالحفیظ سہتو ، ایکسین ہائی وے محمد یاسین چانڈیو، اے ای این ٹنڈو غلام حیدر محمد سفر جتوئی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔