سرگودھا؛ صوبائی وزیر صہیب احمد کی مریم نواز شریف کا پورٹریٹ تیار کرنے والے خصوصی بچوں کے گھر آمد،انعامات سے نوازا

12

 

سرگودھا،10جون  (اے پی پی):صوبائی وزیر ِمواصلات صہیب احمد بھرتھ وزیر ِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پورٹریٹ تیار کرنے والے خصوصی بچوں کے گھر 49 ٹیل سرگودھاآئے۔ صوبائی وزیر ِمواصلات صہیب احمد بھرتھ نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے دونوں سپیشل بچوں کا شکریہ ادا کیا اور ایک ایک لاکھ روپے بطور انعام دیا۔

گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر سرگودھا میں زیر ِتعلیم عبد الرحمن اور رمشا سجاد نے وزیر ِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ہاتھوں سے پورٹریٹ تیار کیا ، دونوں ہونہار طلبہ نے پورٹریٹ سی ایم آفس میں ایک تقریب میں مریم نواز شریف کو بطور تحفہ پیش کیا تھا۔

صوبائی وزیر صہیب بھرتھ نے چیک بچوں کو اُن کی والدین کی موجودگی میں پیش کیے۔  صہیب احمد بھرتھ نے کہاکہ صلاحیتوں کے اعتبار سے ہمارے خصوصی بچے بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔حکومت ِپنجاب سپیشل بچوں کی تعلیم وترتیب پر خاص توجہ دے رہی ہے۔انہوں  نے کہاکہ ترقی کے میدان میں ایسے بچوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔خصوصی بچوں کی تعلیم وتربیت کرنے والے اُستاتذہ اور والدین کو بھی خراج ِتحسین پیش کرتے ہیں۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر خان اور ڈسٹرکٹ آفیسر سپشل ایجوکیشن فریاد حسین ڈوگر بھی ہمراہ تھے۔