سکھر،01جون(اے پی پی):رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے انکلیو انڈسٹریل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریل انکلیو کا سنگ بنیاد رکھنا بہت خوشی کی بات ہے۔ یہ منصوبہ خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں ٹیکنیکل لوگ ہوں وہاں کے لوگ کبھی بھوکے نہیں مریں گے، ہمیں ملک میں ٹیکنیکل لوگ پیدا کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور اس سے فائدہ نہ اٹھانا ہماری ناکامی ہے۔ ملک میں ماحولیات، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان کا تعلیمی نظام پرانا ہے، اب اسے بدلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئی بی اے، آرٹ اور ڈیزائن جیسے ادارے ہونے چاہئیں تاکہ بچے ڈگری مکمل کرنے کے بعد نوکری کے لیے کہیں نہ جائیں، رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے کہا کہ سکھر سرمایہ کاری کے لیے بہت اہم ہے، دنیا کی تیسری سستی ترین بجلی کوئلے سے حاصل کی جاتی ہے، یہاں 200 سال جتنا کوئلہ دستیاب ہے، ملک کو اس پر بھی گہری نظر رکھنی چاہیے۔
اس موقع پر سندھ اکنامک زونز مینجمنٹ کمپنی کے سی ٹی او فرید احمد شیخ، کمشنرفیاض حسین عباسی، ڈی سی ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو، پراجیکٹ منیجر نعیم شیخ، مارکیٹنگ ہیڈ حماد شمس، آئی بی اے یونیورسٹی کے وی سی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔