سکھر،04جون(اے پی پی)؛ڈی آئی جی سید پیر محمد شاہ، ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے تھانہ بی سیکشن اور سب ڈویژن کچو بنڈی کے پولیس اسٹیشنز گیمڑو،کچو بنڈی ون،ٹو اور بچا بند میں قائم پولیس چوکیوں کا دورہ کیا اور کچے کے علاقے میں جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔
رینجرز کے افسران،ایس ایچ او گیمڑو، ایس ایچ او کچو بنڈی ون،ٹو اور سب ڈویژن کچو بنڈی کے دیگر پولیس افسران ڈی آئی جی و ایس ایس پی صاحب کے ہمراہ تھے۔
اس دوران جرائم پیشہ افراد کی آمدورفت کی روک تھام کے حوالے سے بچا بند پر مزید پولیس پکٹس قائم کرنے کا جائزہ اور جلد تکمیل کے احکامات جاری کئے۔
پولیس پکٹس قائم کرنے کا مقصد مختلف چھوٹے بڑے جرائم کی روک تھام ہے ۔علاقے میں تعینات پولیس اہلکاروں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ کچے کی طرف آمدورفت کے تمام راستے سیل کرکے سنیپ چیکنگ کی جائے گاڑیوں، موٹرسائیکلوں سمیت مشکوک افراد کی چھان بین کی جائے۔
اس دوران سب ڈویژن کچو بنڈی کی حدود میں بچا بندپر موجود پولیس نفری کو چیک کیا گیا اور بہتر ڈیوٹی سرانجام دینے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی،ڈیوٹی پر موجود پولیس جوانوں کو درکار وسائل بشمول اضافی نفری اسلحہ اور دیگر ضروری درکار سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی سید پیر محمد شاہ نے تمام ضروریات کو فوری پورا کرنے کے لئے متعلقہ افسران کواحکامات جاری کئے ،اس کے علاوہ پولیس پکٹس کی مضبوطی، اور ان کو بہتر بنانے کے حوالے سے درکار اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا ، احکامات بھی دیئے گئے،سید پیر محمد شاہ نے کہاکہ کچے کے علاقے سے جرائم کا تدارک اور قانون کی بالادستی قائم رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔