شیخوپورہ، 01 جون(اے پی پی): صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب خواجہ عمران نذیر اور صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلیمان رفیق کا مدر اینڈ چلڈرن کمپلیکس کا اچانک دورہ،اے ڈی سی جی محمد جمیل ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر پرویز اقبال سمیت دیگر ضلعی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزراء نے صفائی ستھرائی، ایئرکنڈیشنر، ادویات کے اسٹاک سمیت ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر پرویز اقبال اور فوکل پرسن دلبر حسین نے صوبائی وزراء کو طبی سہولیات کی فراہمی اور خسرہ سے بچاؤ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
صوبائی وزراء نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں دستیاب سہولیات کی فراہمی بارے میں دریافت کیا۔ ہسپتال میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو مہیا کی جانیوالی سہولیات پر صوبائی وزراء نے اظہار اطمینان کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو خسرہ کی بیماری سے بچاؤ کی ویکسین کے ٹیکے ضرور لگوائیں۔ والدین اپنے نونہالوں کی صحت پر نگاہ رکھیں، خسرہ کی علامت نظر آنے کی صورت میں فوری سرکاری ہسپتال سے رجوع کریں۔ عوام الناس کو صحت کی بروقت،معیاری اور مفت سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ سرکاری ہسپتالوں میں خسرے جیسی وبائی مرض سے بچاؤ کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔سرکاری ہسپتالوں کے وزٹ کا مقصد عوام تک طبی سہولیات کی بروقت فراہمی ہے۔صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں بہترین اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ بچوں کو خسرے جیسی وبائی مرض سے بچانا ہم سب کی مشترکہ اور انفرادی ذمہ داری ہے مریضوں کو بہترین علاج، تشخیص کے ساتھ ساتھ مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و دیگر عملہ ڈیوٹی روسٹر کے مطابق اپنی حاضری سوفیصد یقینی بنائیں ۔