شیخوپورہ،12 جون(اے پی پی): صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یسین کی زیر صدارت فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن فوڈ اتھارٹی غلام صابر نے اس موقع پر محکمانہ کارکردگی، روزانہ کی بنیاد پر جاری انسپکشنز ، جرمانہ سمیت دیگر دفتری امور بارے صوبائی وزیر خوراک کو تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن نے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شیخوپورہ کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے فیلڈ میں روزانہ کی بنیاد پر مکمل متحرک ہیں ، گذشتہ ماہ مئی میں مجموعی طور پر 2 ہزار 300 سے زائد انسپکشنز کی گئی جس کے دوران مضر صحت اور غیر معیاری اشیاء کی تیاری اور فروخت کرنیوالوں کو 43 لاکھ 19 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 2 افراد کے خلاف متعلقہ تھانہ جات میں مقدمات بھی درج کروائے گئے۔
بعد ازاں صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یسین نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن پنجاب فوڈ اتھارٹی شیخوپورہ غلام صابر کے ہمراہ ضلع شیخوپورہ کی مختلف فیکٹریوں اور فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی، دوران انسپکشن حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر 1 لاکھ 32 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ غیر معیاری مشروبات بنانے والے 1 یونٹ کو ناقص کارکردگی اور غیر معیاری ترسیل کی بنا پر سیل بھی کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شیخوپورہ عمیر صغیر سمیت دیگر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔