لاہور، 22 جون(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور اہم اجلاس کی صدارت کی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اجلاس کو مون سون کانٹیجنسی پلان 2024 بارے بریفنگ دی۔اجلاس میں 4 ایجنڈے پیش کیے گئے کمیٹی نے حتمی منظوری کیلئے صوبائی کابینہ کو بھیجنے کی ہدایات جاری کیں۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اور ضلعی کنٹرول رومز میں 24 گھنٹے مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔ سیلاب، کووڈ، ڈینگی، قحط سالی، سموگ اور ہیٹ ویو سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم الرٹ ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے۔
اجلاس کے دوران بارشوں کی تازہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے تمام محکمہ جات، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی دیگر اداروں کے ساتھ کوآرڈینیشن خوش آئند ہے۔
صوبائی وزیر کی جانب سے دریاؤں کے بند اور پشتے مضبوط کرنے کی ہدایت کی گئی۔سلمان رفیق نے کہا کہ دریائی کٹاؤ کی روک تھام کیلئے سکیمیں فوری منظور کروائی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ متعلقہ اضلاع میں موک ایکسرسائزز بھی کی جا رہی ہیں۔ مون سون سپیل کے حوالہ سے انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بڑے و چھوٹے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کو روکنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا و دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے ڈی سی لیہ، چنیوٹ، جھنگ و دیگر افسران نے شرکت کی۔فنانس ڈیپارٹمنٹ، پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ، سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ، ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ اطلاعات و نشریات، ریسکیو 1122، محکمہ موسمیات کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔











