اسلام آباد، جون 13( اے پی پی): عید الاضحٰی کی آمد کے ساتھ ساتھ شہر اقتدار کے 5 مقامات مویشی منڈیاں سج گئیں جن سنگجانی، آئی 15، سلطانہ فاونڈیشن مویشی منڈیاں شامل ہیں۔اس کے علاوہ ضیاء مسجد اور بارہ کہو کے مقام پر بھی مویشی منڈیاں سج گئیں ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے اعلامیہ کے مطابق شہری سرکاری طور پر طے شدہ جگہوں کے علاوہ کسی جگہ سے جانور کی خریداری ہرگز نہ کریں، بیوپاری اگر کسی اور جگہ جانور فروخت کرتے پائے گئے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
پانچوں منڈیوں میں تمام تر سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں، جن میں شہریوں کے لئے پینے کا صاف پانی، صفائی ستھرائی کے انتظامات، مچھر اور چچڑی مار سپرے، جانور کی دیکھ بھال کے لئے ٹیمیوں کی تشکیل اور دیگر تمام انتظامات شامل ہیں۔
قبل ازعید شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک نظر آتی ہے اس مد میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے کےلیے حکمت عملی بنالی گئی ہے جس میں آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے 56 مقامات پر 103 ڈمپنگ پوائنٹس بنائے جائیں گے، اس کے علاوہ دیہی اور شہری علاقوں میں مفت شاپنگ بیگز فراہم کیے جائیں گے تاکہ شہری آلائشوں کو باہر پھیکنے کی بجائے شاپنگ بیگز میں ڈالیں تاکہ صفائی کے انتظامات میں مدد ملے۔
اس مد میں ضلعی انتظامیہ شاپنگ بیگز کی فراہمی یونین کونسل کی سطح پر یقینی بنا رہی ہے اور شہریوں سے سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمز سے تعاون کی اپیل کی جارہی ہے۔