ملتان۔ 30 جون (اے پی پی):ملتان میں سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ و محکمہ خوراک زیرو ٹالرنس پالیسی پرعمل پیرا ہے۔اس سلسلے میں آٹے کی گراں فروشی و ذخیرہ اندوزی میں ملوث ایک نجی فلورمل کوسربمہرکرکے لاکھوں روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق ڈپٹی کمشنرملتان وسیم حامد سندھو کی ہدایت پر اتوار کے روزمحکمہ خوراک ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ فلورملز اور بازاروں میں کریک ڈاون کیا اور آٹے کے ریٹس کا جائزہ لیا۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولراحمد جاوید کی سربراہی میں گراں فروشی و ذخیرہ اندوزی پرایک نجی فلورمل کو سربمہرکرکے لاکھوں روہے جرمانہ عائد کیاگیا۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولراحمد جاوید نے کہا ہےکہ صوبہ بھرمیں غیرمعیاری اورمہنگا آٹا بیچنے والوں کےخلاف کریک ڈاون جاری ہے،معیاری آٹے کی سرکاری نرخوں پرفراہمی یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جا رہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اورسرکاری نرخوں کے مطابق آٹے کی فراہمی یقینی بنانا ہماری اولین ترجح ہے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان ریجن میں فلورملزمالکان کو آٹے کے معیار اور کوالٹی کو یقینی بنانے اور سستے داموں فراہمی کا الٹی میٹم دیدیا گیا ہے،معیار اور کوالٹی سمیت آٹے کی سرکاری نرخوں پرفروخت پرعملدرآمد یقینی بنایا جائےگا۔