عیدالاضحیٰ پر جامع صفائی پلان پر موثرانداز میں عملدرآمد کیا جائے گا، کمشنر فیصل آباد ڈویژن

22

فیصل آباد ۔ 14 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عیدالاضحیٰ پر فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں جامع صفائی پلان پر موثرانداز میں عملدرآمد کیا جائے گا ، اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ،فیصل آبادویسٹ مینجمنٹ کمپنی،میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیز متحرک انداز میں فرائض انجام دیں گی تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مستعدی سے ٹھکانے لگا کر شہریوں کوتعفن سے پاک خوشگوار ماحول فراہم کیا جاسکے۔یہ بات کمشنر سلوت سعید نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتائی۔

سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رؤف احمد اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔کمشنر نے میڈیا کے ہمیشہ سے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن کے حوالے سے ٹھوس اورموثر حکمت عملی وضع کی گئی ہے جس پر کامیاب عملدرآمد کے نتیجہ میں قربانی کے جانوروں کی باقیات کی صفائی کے حوالے سے شہریوں کو گزشتہ سال سے بھی بہتر اور واضح فرق نظر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ کڑے نظام کے تحت صفائی آپریشن کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی ،اس سلسلے میں تمام انتظامی مشینری متحرک رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام محکموں /اداروں پر واضح کردیا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر معیاری صفائی میں سستی،لاپرواہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ،اس میں غفلت شعار اورفرائض سے پہلو تہی کرنے والے سٹاف کے خلاف ایکشن اوربہترین سروسز کے حامل ملازمین کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے۔کمشنر نے میڈیا کے توسط سے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قربانی کے جانوروں کی الائشیں کھلے عام،گٹروں،راجباہوں ونہروں میں پھینکنے کی بجائے عملہ صفائی کے حوالے کریں جو گلی محلوں میں ڈیوٹی پر موجود ہونگے۔

انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن تین مرحلوں پر مشتمل ہوگا جس کے مطابق عیدسے قبل عیدگاہوں کی صفائی ستھرائی اورعیدکے ایام کے دوران قربانی کے جانوروں کی الائشوں کو اٹھا کر ٹھکانے لگایا اورعیدکے بعد اجتماعی قربانی کے مقامات کے علاوہ شہر کی اہم سڑکوں کی دھلائی کی جائے گی تاکہ قربانی کے باعث پیدا شدہ ناخوشگوار ماحول کو صاف ستھرا بنایا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت میونسپل کمیٹیز کی مشینری کی بحالی اور ہیومین ریسورسز کو تیار کیا گیا ہے۔

کمشنر نے کہا کہ شہر بھر میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کیمپس بھی فعال ہیں جہاں شہریوں کو بیگز تقسیم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے میڈیا کے توسط سے کہا کہ شہری مذہبی فریضہ کے ساتھ صفائی قائم رکھنے کیلئے  قومی ذمہ داری بھی نبھائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں سرکاری افسران کی چھٹیاں منسوخ ہیں،افسران روڈزپر ہونگے اور کنٹرول رومز بھی فعال ہیں،شہری ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ٹال فری نمبر 1139 پر شکایت درج کرائیں ایک گھنٹہ کے اندر اندر شکایت کا ازالہ کرایا جائے گا۔تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز ایکشن جاری ہے۔

سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بتایا کہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ماحول دوست انداز میں جانوروں کی آلائشوں کی تلفی کیلئے جامع پلان تشکیل دیا ہے،صفائی پلان کے مطابق جدید مشینری کے ساتھ ویسٹ ورکرز کی تعیناتی،اہم شاہروں و یونین کونسلوں میں 40آگاہی کیمپس کا قیام،15عارضی ویسٹ ٹرانسفر سٹیشنز،شہر کی بڑی مساجد اورعیدگاہوں میں صفائی کے علاوہ ایک روز قبل اہم مقامات و مارکیٹوں میں زیرو ویسٹ آپریشن کیا جائے گا،عیدالاضحیٰ کے پہلے دو دنوں کیلئے 189گاڑیاں،286 پک اپس،80 لوڈر رکشے،16 ڈمپر اور 6۔ ایکسکویٹرجبکہ عیدکے تیسرے دن کیلئے 135پک اپس جبکہ منی ڈمپرز کے علاوہ آرم رولر،ٹریکٹر ٹرالی،ٹریکٹر لوڈر، ٹریکٹر بلیڈ،شاول، ایکسکویٹر اورڈمپر کرائے پر حاصل کئے گئے ہیں ۔