اسلام آباد جون 17 (اے پی پی): عید الاضحیٰ خوشیوں اور سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کا دن ہے اس روز تمام دنیا کے مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کرتے ہیں ۔
قربانی کا فریضہ جتنا اہم ہے اتنا ہی ہمارا لیے اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنا بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ صفائی کو ہمارے دین نے نصف ایمان کہا ہے۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے بعد جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے ہمیں خصوصی ذمہ داری کا مظاہرہ کرناچاہیے ۔
مرکزی اور تمام صوبائی حکومتوں نے عید کے موقع پر صفائی کے نظام کو یقینی بنانے اور جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں اور صفائی سے متعلقہ اداروں کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں تاکہ قربانی کے بعد آلائشوں کو بروقت صاف کر کے صفائی کو یقینی بنایا جا سکے ۔
حکومت کی ذمہ داریاں ایک طرف لیکن اس اہم موقع پر ہمارا بطور شہری فرض ہے کہ ہم صفائی کے اقدامات کو یقینی بنائیں ، جانوروں کی قربانی کے بعد ان کی آلائشوں کو مقررہ جگہ پر پھینکیں اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ تعفن نہ پھیلے، ماحول صاف ستھرا رہےاور بہت ساری بیماریوں سے بچتے ہوئے عید کی خوشیوں کو اپنے حقیقی معنوں میں منایا جا سکے۔











