پشاور، 19جون (اے پی پی ): ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے صحافی خلیل جبران کو لنڈی کوتل میں آج صبح 9بجے سپرد خاک کردیا گیا۔
منگل کی شب نامعلوم افراد نے لنڈی کوتل کے علاقے مزرینہ سلطان خیل میں خلیل جبران اور اُن کے وکیل دوست پر فائرنگ کر دی تھی۔ جس میں خلیل جبران جاں بحق جب کہ اُن کے دوست اس واقعے میں زخمی ہو گئے تھے۔
صحافی خلیل جبران 18 جون رات 9 بجے کے قریب خیبر سلطان خیل کے علاقہ مزرینہ میں نامعلوم مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔
صحافی کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد شریک ہوئے، جس میں یونین آف جرنلسٹس کے صدر شمس مہمند، جنرل سیکرٹری ابراہیم شینواری، سابق ایم پی اے شفیق شیر آفریدی، اے این پی کے رہنماء شاہ حسین شینواری، جماعت اسلامی کے امیر مراد حسین آفریدی، ملک دریا خان آفریدی، ملک ماصل خان شینواری، شاکر آفریدی اور پی ٹی ایم کے رہنماء آفتاب شینواری بھی شامل ہیں۔
صحافی کی نماز جنازہ اور تدفین کے بعد صحافیوں نے کثیر تعداد میں مرحوم کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔