قصور؛سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے گنڈا سنگھ بی آر بی نہر پرفرضی مشقوں کا انعقاد

19

قصور،05جون(اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے گنڈا سنگھ بی آر بی نہر پرفرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود کی بطور مہمان خصوصی شرکت۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی،ڈی پی او محمد عیسی خاں،پاک آرمی سے کرنل محمد عقیل،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122اور دیگر ضلعی افسران کی شرکت۔

اس موقع پر ریسکیو1122‘محکمہ انہار، لائیو سٹاک، زراعت، سول ڈیفنس، ایجو کیشن،ہیلتھ اور دیگر محکموں کی طرف سے ریلیف کیمپ لگائے گئے۔کمشنر زید بن مقصود نے تمام محکموں کے ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا۔کمشنر نے سیلاب کے دورران ریسکیو اینڈ ریلیف کیلئے استعمال ہونیوالے آلات کا معائنہ کیا۔ ریسکیو1122کے اہلکاروں نے کشتیوں کے ذریعے مہمانوں کو سلامی پیش کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ڈوبتے ہوئے شخص کو بچانے کیلئے صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔کمشنرزیدبن مقصودنے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔  کسی بھی حادثہ سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔ہنگامی صورتحال میں لوگوں کو ریسکیو کرنا اور ان کے مال و اسباب کو محفوظ کرنے کیلئے تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جائےگا۔ایسی مشقوں کے انعقاد سے ریسکیوزرکو پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ہے۔

 کمشنر لاہور ڈویژن نے کہاکہ بھارت کے ساتھ معلومات شئیرنگ میں ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ سیلاب میں رابطے میں رہتے ہیں۔ممکنہ سیلاب سے متاثرہ دیہات ، افراد کو ریسکیو آپریشن کے ذریعے محفوظ بنائیں گے ۔ دریائے ستلج سرحدی علاقوں کے ساتھ ساتھ گزرتا ہے جس کی وجہ سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔ امسال گزشتہ سال سے بھی بہتر انتظامات ہماری ترجیح ہے۔سیلاب متاثرین کی امداد کی فراہمی کو شفاف بنا کر معاوضہ دیں گے۔ کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود نے ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین میں تعریفی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔