قصور،28 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرقصورمحمد ارشد بھٹی کے زیرصدارت محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل،اسسٹنٹ کمشنرز،ضلعی افسران اور ضلعی امن کمیٹی کے تمام ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔امن کمیٹی کے ممبران نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی اپنی تجاویز دیں،علما اکرام اور امن کمیٹی کے ممبران نے ضلع میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے کی یقینی دہانی کروائی۔ڈپٹی کمشنرقصورمحمدارشدبھٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مذاہب و مسالک کے علماء اکرام امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں،علمائے اکرام اپنے خطبات میں معاشرے کو امن، محبت اور رواداری کا درس دیں،مجالس کے مقامات اور جلوسوں کے راستوں پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بہترین اور فول پروف انتطامات کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنرقصورنے کہا کہ امام بارگاہوں، مذہبی عبادت گاہوں میں سیکورٹی،صفائی ستھرائی و دیگر انتظامات کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے،امن و امان کی فضا کو قائم رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں بھر پور طریقے سے پوری کرے گی۔محکمہ پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، ہیلتھ، میونسپل کمیٹیز و دیگر کی جانب سے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں،ضلعی پولیس نے محرم الحرام کے حوالے سے جامع سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے۔