قومی اسمبلی میں مالی سال 2024-25 کے بجٹ پر بحث کے  پانچویں روز بھی مختلف اراکین اسمبلی نے اپنے   اپنے خیالات پیش کئے

22

اسلام آباد،24 جون ( اے پی پی ): قومی اسمبلی میں مالی سال 2024-25 کے بجٹ پر پانچویں روز بھی  مختلف اراکین اسمبلی نے بحث میں حصہ لیا۔

مسلم لیگ(ن) کے رکن ڈاکٹر درشن نے کہا کہ حکومت نے اچھا بجٹ دیا ہے، پی ٹی آئی نے صرف دھرنے دیئے، چینی صدر کا دورہ رکوایا مگر پھر بھی وزیراعظم نے پی ٹی آئی کو میثاق معیشت کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول نہیں کیا۔ ہماری حکومت نے ملک کو میٹرو منصوبے اور سی پیک دیا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع گھوٹکی میرپور متھیلو میں موٹر وے پر انٹر چینج کا منصوبہ دینے پر وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقلیتوں کے نوکریوں میں پانچ پرسنٹ کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ بجٹ کے موقع پر پارلیمنٹ ہائوس میں خدمات سر انجام دینے والے پی آئی اے اور ریلوے کے ملازمین سمیت تمام سرکاری ملازمین کو پانچ اعزازیئے دیئے جائیں۔

پیپلز پارٹی کے رکن عبدالحکیم بلوچ نے بحث میں لیتے ہوئے  کہا کہ یہ بتایا جا رہا ہے کہ پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ملکی معیشت کو بہتر کرے۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن انجم عقیل خان نے کہا کہ ہمیں لوگوں نے اس ایوان میں منتخب کر کے اپنے اپنے مسائل حل کرنے کیلئے بھیجا ہے مگر بجٹ تقاریر میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جنہوں نے اپنی عوام کے مسائل یہاں بیان نہیں کئے۔ اپوزیشن الزام لگانے کی بجائے پارلیمانی کمیٹی بنا کر اس بات کا جائزہ لے کہ ملک کو ترقی دینے والا کون ہے۔؟۔

پیپلز پارٹی کے رکن آغا رفیع اللہ نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کم سے کم اجرت 37 ہزار بھی بہت کم ہے، ہمیں تلخ فیصلے کرنا ہوں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی رکن نزہت صادق نے کہا کہ نواز شریف کی معاشی اصلاحات لے کر موجودہ معاشی مسائل سے نجات حاصل کریں گے۔ موجود دور میں برآمدات میں اضافہ ہوا،مہنگائی میں کمی آئی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن ملک محمد اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ادوار میں بہاولپور میں بہت ترقی ہوئی۔ہمیں بہاولپورمیں ہسپتال، ووکیشنل انسٹی ٹیوٹس ،انجینئرنگ یونیورسٹی دی جائے،بہاولپور ریاست کو صوبہ بنایاجائے۔

ڈاکٹر شازیہ صوبیہ نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ اشرافیہ پر ٹیکس ضرور لگایا جائے لیکن غریب عوام پر ٹیکس نہ لگایا جائے۔ حکومت سولر انرجی پارک بنائے۔

ایم کیو ایم پاکستان احمد سلیم صدیقی نے کہا کہ بجلی کے معاہدوں پر حکومت نظرثانی کرے۔

نیلسن عظیم نے کہا کہ سیالکوٹ کی مسیحی برادری خواجہ آصف کے ساتھ کھڑی ہے،وہ ہمیشہ مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

صوفیہ سعید شاہ نے کہا کہ چار سال حکومت کرنے والے اپنی حکومت کی کارکردگی بتائیں۔

مسلم لیگ (ن) کی رکن شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ جس حالات میں یہ معیشت چھوڑ کرگئے تھے ان حالات میں اس سے بہتر بجٹ نہیں دیا جا سکتا تھا۔

میجر طاہر اقبال نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے پر الزام تراشی سے گریز کرنا چاہیے، اپوزیشن گندی زبان استعمال کرکے اپنے قائد کے سامنے پوائنٹ سکورنگ سے گریز کرے۔