اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی کٹوتی کی 97 تحریکیں مسترد کرتے ہوئے شعبہ بجلی اور پٹرولیم کے 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال کے اخراجات پورے کرنے کیلئے 701 ارب 5 کروڑ 87 لاکھ روپے سے زائد کے 2 مطالبات زر کی منظوری دیدی۔
بدھ کو قومی اسمبلی میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تحریک پیش کی کہ شعبہ بجلی کے 30 جون 2025 کو ختم ہونے والے مالی سال کے اخراجات پورے کرنے کیلئے 681 ارب 75 کروڑ روپے سے زائد کے مطالبات زر کی رقم وفاقی حکومت کو عطا کر دی جائے جس پر اپوزیشن کی جانب سے کٹوتی کی 77 تحریکیں پیش کی گئیں۔
یہ تحریکیں عالیہ کامران، علی محمد خان اور جمشید دستی نے ایوان میں پیش کیں جس کی وزیر خزانہ نے مخالفت کی۔
وزیر خزانہ نے شعبہ پٹرولیم کیلئے 19 ارب 30 کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد کا مطالبہ زر پیش کیا جس پر اپوزیشن کی جانب سے کٹوتی کی 20 تحریکیں پیش کی گئیں یہ تحریکیں آصف خان، عالیہ کامران، بشیر خان اور شاندانہ گلزار نے ایوان میں پیش کیں جن کی وزیر خزانہ نے مخالفت کی۔











