اسلام آباد،11جون (اے پی پی):پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) کیلئے مالی سال 2024 کے دوران اس کے آپریشنل اور ملازمین سے متعلقہ اخراجات کو پورا کرنے کے لئے 5.81 بلین روپے کی رقم مختص کی گئی جس میں سے مارچ 2024 تک کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران 5.06 بلین روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔
منگل کو جاری کردہ پاکستان اکنامک سروے 2023-24 کے مطابق پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) ایک اہم اور موثر الیکٹرانک میڈیا ادارہ ہے جو حکومتی پالیسیوں اور پاکستانی عوام کی امنگوں کو اندرون و بیرون ملک اجاگر کرتا ہے۔ اس کا مقصد ریڈیو خبروں اور اعلیٰ معیار کے پروگراموں کے ذریعے عوام کو معلومات، تعلیم اور تفریحی پروگرام فراہم کرنا ہے۔ ریڈیو پاکستان منفی غیر ملکی پروپیگنڈے اور منفی تاثرات کا بھی مقابلہ کرتا ہے، ریڈیو جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری اور سماجی انصاف کے اصولوں کے ساتھ اسلامی نظریہ اور قومی اتحاد کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ قومی اور مقامی زبانوں، ثقافت اور قدر کو فروغ دیتا ہے۔ اس سے فرقہ واریت، صوبائیت اور دہشت گردی کی حوصلہ شکنی میں بھی مدد ملتی ہے۔ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) پاکستان کا سب سے بڑا سرکاری میڈیا نیٹ ورک ہے جس کا نشریاتی نیٹ ورک ملک بھر میں 32 براڈ کاسٹنگ ہائوسز میں تقریباً 80 یونٹس پر مشتمل ہے۔ پی بی سی کے پاس ایف ایم، میڈیم ویو، شارٹ ویو اور سیٹلائٹ براڈکاسٹ جیسے مختلف نشریاتی پلیٹ فارمز ہیں۔ جاری مالی سال کے دوران پی بی سی نے مختلف مذہبی پروگرام نشر کئے جیسے کہ رمضان المبارک میں خصوصی پروگرام، روح رمضان، رمضان ماہ قرآن، غزوہ بدر اور توہین رسالت کے قوانین پر خصوصی پروگرام اور قرآن پاک کی حرمت کے حوالے سے آگاہی مہم شامل ہیں۔ ریڈیو پاکستان نے مختلف سرکاری ریلیف پیکیجز کی وسیع پیمانے پر تشہیر اور کوریج کی جن میں بجلی چوری کے خلاف مہم، چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم، طلبہ کی اسکالرشپ سکیمیں، بے نظیر انکم سپورٹ سکیم، قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کے لئے حکومتی اقدامات اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے لئے خصوصی مہم، مسئلہ کشمیر اور بھارتی قابض افواج کے مظالم کو اجاگر کرنے کے لئے ریڈیو پاکستان کے نیٹ ورک پر کشمیریوں کے یومِ حق خودارادیت کے حوالے سے ایک مباحثہ پروگرام اور ریڈیو رپورٹ نشر کی گئی اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے دیگر خصوصی پروگرام بھی نشر کئے گئے۔ بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کو فروغ دینے کے لئے ریڈیو پاکستان نے اردو اور علاقائی زبانوں میں خصوصی پروموز اور پروگرام تیار کئے۔ جولائی 2023 سے مارچ 2024 تک پورے عرصے کے دوران، ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل نے معیشت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں اہم حکومتی اقدامات کا احاطہ کیا۔ قومی نشریاتی ادارے کے طور پر ریڈیو پاکستان نے 2024 کے عام انتخابات کی جامع کوریج کو یقینی بنایا، رپورٹنگ ٹیموں کو مقرر کیا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کیا۔ مالی سال 2024 کے دوران پی بی سی کے آپریشنل اور ملازمین سے متعلقہ اخراجات کو پورا کرنے کے لئے 5.81 بلین روپے کی رقم مختص کی گئی تھی جس میں سے مارچ 2024 تک کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران 5.06 بلین روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔ پی ایس ڈی پی کے منظور شدہ منصوبوں کے تحت ترقیاتی کام مختلف مراحل میں ہے۔ پی ایس ڈی پی پراجیکٹ ”سوت القرآن ایف ایم نیٹ ورک فیز II کے قیام کے لئے 212.777 ملین روپے کی رقم مختص کی گئی۔ دی گئی مدت میں منصوبے پر عمل درآمد جاری رہا۔ اسی طرح خیرپور سے میڈیم ویو سروسز کی بحالی سے متعلق پی ایس ڈی پی پراجیکٹ کیلئے 444.069 ملین روپے کی رقم مختص کی گئی۔ براڈ کاسٹنگ ہائوس میں عمارت کی تزئین و آرائش کے کام کا بڑا حصہ مکمل کیا جا چکا ہے اور بقیہ کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ 254.945 ملین روپے کی لاگت سے پی ایس ڈی پی پروجیکٹ اپ گریڈیشن آف سٹوڈیوز اور ماسٹر کنٹرول رومز کی منظوری دی گئی۔ مقررہ مدت کے دوران کل 17 میں سے 15 سٹوڈیوز اور MCRs کی اپ گریڈیشن مکمل ہوئی۔ ڈی آر ایم 1000 کلو واٹ سے چلنے والے میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کی تنصیب کیلئے پی ایس ڈی پی پراجیکٹ کے تحت روات ٹرانسمٹنگ سٹیشن کی اپ گریڈیشن کے لئے 3850 ملین روپے کی رقم منظور کی گئی۔ دی گئی مدت کے دوران سائیٹ پر کاغذائی کارروائی اور ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔