مالی سال 25-2024 میں گلگت بلتستان کے پبلک سیکٹر ڈیلوپمنٹ پروگرام کے لیے مختص فنڈز کو بڑھایا جا رہا ہے؛ وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ

24

 

اسلام آباد،10 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ  رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مالی سال 25-2024 میں گلگت بلتستان کے پبلک سیکٹر ڈیلوپمنٹ پروگرام کے لیے مختص فنڈز کو بڑھایا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا  اظہار وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے بجٹ 25-2024 پر اتفاق رائے کے لئے سٹیرنگ کمیٹی برائے گلگت بلتستان  کے  پہلے اجلاس کی صدارت کرتے  ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ  گلگت  بلتستان گلبر خان سمیت وزیر منصوبہ بندی ، وزیر  خزانہ اور حفیظ الرحمن نے آن لائن شرکت کی۔

اجلاس میں بجٹ برائے 25-2024 پر اتفاق رائے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا جس میں گلگت بلتستان کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام برائے مالی سال 25-2024 کا بھی جائزہ لیا گیا۔

 رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وفاقی حکومت صحت، تعلیم، مواصلات، توانائی اور دیگر شعبہ جات کو مدنظر  رکھتے ہوئے  فنڈز مختص کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر گلگت بلتستان کے ترقياتی پروگرامز کو ترجیح دی گئی ہے۔