متحد ہوکرتقسیم کی سیاست کومسترد کرنا ہوگا، سیاسی تفریق وتقسیم اورپولرائزیشن کےدورمیں بطورپارلیمنٹرین ہمیں اپنا کرداراداکرنا ہوگا، رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹوزرداری

9

اسلام آباد 23 جون (اے پی پی): پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹوزرداری نے کہاہے کہ ہمیں متحد ہوکرتقسیم کی سیاست کومسترد کرنا ہوگا،  15 گھنٹے تک شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کا سامنے کرنے والے عوام کی مشکلات کے ازالہ کیلئے مل کرکام کرنا ہوگا، سیاسی تفریق وتقسیم اورپولرائزیشن کےدورمیں بطورپارلیمنٹرین ہمیں اپنا کرداراداکرنا ہوگا۔

اتوار کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پربحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت نے ایک ایسے مشکل حالات میں بجٹ پیش کیاہے جب ملک غربت، مہنگائی، ماحولیاتی تبدیلیوں اوربے روزگاری کی غیرمعمولی صورتحال کاسامنا کررہاہے۔اس ملک کے شہری ہونے کے ناطہ ہمیں بجٹ سے توقعات ہوتی ہیں، ہم ایک ایسے بجٹ کی توقع رکھتے ہیں جو پاکستان کے عوام، ہمارے کسانوں، مزدوروں اورہاریوں  کی ضروریات کے مطابق ہوں، ہم ایک ایسا بجٹ چاہتے ہیں جس میں زرتلافیوں کا ہدف ملک کے معاشی طورپرغریب اورکمزورطبقات ہوں۔

پاکستان کے عوام اس سے بہتربجٹ کے مستحق ہیں۔ہم سب کو مل کرملک کومشکلات سے نکالنا چاہئیے۔ آصفہ بھٹوزرداری نے کہاکہ پارلیمان سے اپنے حالیہ خطاب میں صدرآصف علی زرداری نے اتحادکی بات کی ہے جووقت کی ضرورت ہے۔

سیاسی تفریق اورپولرائزیشن کے اس دورمیں بطورپارلیمنٹرین ہمیں اپنا کرداراداکرنا ہوگا۔تحمل اوربرداشت صرف الفاظ تک محدود نہیں ہونا چاہئیے بلکہ اس کا عملی  مظاہرہ بھی کرنا چاہئیے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں 15 گھنٹے تک شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کا سامنے کرنے والے عوام کی مشکلات کے ازالہ کیلئے مل کرکام کرنا ہوگا۔گرمی کی شدت میں  15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ عذاب ہے، ہمیں کسانوں کے مسائل کوحل کرکے انہیں مضبوط کرنا ہوگا۔ہمیں انسانی سرمایہ، بلیوکالرجاب والے ملازمین کوتحفظ اورغریب طبقات کیلئے کام کرنا ہوگا۔