مری،12 جون(اے پی پی):انٹر نیشنل سینٹرفارانٹیگریٹڈماؤنٹین ڈیویلپمنٹ کےزیر اہتمام پہاڑی سیاحت وموسمیاتی تبدیلی کے موضوع پرتین روزہ ورکشاپ کوہسار یونورسٹی مری میں شروع ہوگئی ہے، ورکشاپ کا مقصد پہاڑی علاقوں میں سیاحت اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ایک قابل عمل جامع پالیسی مرتب کرناہے، ورکشاپ میں پاکستان، نیپال، چین اور جرمنی کے اسٹیک ہولڈرز کے مختلف گروپ حصہ لے رہے ہیں جبکہ دیگر شرکاء میں حکومتی ونجی شعبہ جات، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور دیگر کمیونٹی کے اراکین بھی شامل ہیں۔
تین روز ورکشاپ کے پہلے سیشن میں باہمی مشاورت و مباحثے اور مشترکہ مشقیں زیر بحث لائی گئی جن کامقصد خطہ میں سبز سیاحت کو اجاگر کرنا جس سے اکنانومی کو بھی بڑھایا جاسکے اور خصوصاً آب و ہوا کے لئےلچکدار اور کم درجہ حرارت میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سبز پہاڑی سیاحت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں اور اسٹیک ہولڈرز کے مابین علم اور تحقیق کے تبادلے کے لیے سازگار ماحول بھی فراہم کرنا اور مشترکہ فہم کی فضا قائم کرنا ہے۔
توقع کی جارہی ہے اس ورکشاپ سے ایک ایسی مؤثر پالیسی ترتیب دی جائے گی کہ جس سے پائیدارپہاڑی سیاحت پر رہنمائی ملے گی۔