ملتان؛انتظامیہ کی کارکردگی مانیٹرنگ کیلئے کے پی آئز متعارف،روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ جاری

18

ملتان،04 جون(اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انتظامیہ کارکردگی مانیٹرنگ کیلئے کے پی آئز متعارف کروا دیئے۔ 10 کی پرفارمنس انڈیکیٹرز کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ جاری ہے۔اس سلسلے میں کمشنر مریم خان نے ڈپٹی کمشنرز کو پرفارمنس انڈیکیٹرز کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نان روٹی کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی،ذخیرہ اندوزوں، گرانفروشوں کیخلاف سخت ایکشن کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرفارمنس انڈیکیٹرز بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر مریم خان نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم کی کامیابی کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، مراکز صحت، ترقیاتی سکیموں کی مسلسل انسپکشن کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔میرج ایکٹ کی نفاذ کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ آوارہ کتوں کی تلفی، گٹروں کے ٹوٹے ڈھکنوں کی تبدیلی، 6 جون سے پلاسٹک کے استعمال پر پابندی بارے عملی اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈویژن میں 1153 تنور جیو ٹیگ کئے جاچکے، روٹی قیمتوں کی خلاف ورزی پر 213500 روپے جرمانہ کیا گیا۔ ستھرا پنجاب مہم کے تحت 382 یونین کونسلوں میں صفائی کروائی جاچکی ہے۔ اشیاء خوردونوش کی زائد قیمتیں وصول کرنے پر 423500 روپے جرمانہ کیا گیا۔ڈویژن کے 184 میرج ہالز، مارکی، 400 ترقیاتی سکیموں کی مسلسل انسپکشن کی جارہی ہے۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔